خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی وزیر عطا تارڑ کی پریس کانفرنس پر انہیں کرارا جواب دیا ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ کی گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کے پی حکومت پر عائد الزامات پر کرارا جواب دیتے ہوئے اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عطا تارڑ روز کوئی ایسی بات کرتے ہیں، جس سے ان کی نا اہلی عیاں ہو جاتی ہے۔ کل کے پی کی معیشت پر بات کر کے معیشت دانوں کی ہنسی نکال دی۔ وفاقی وزیر نے وفاقی حکومت کا وائٹ پیپر کاپی کر کے خیبر پختونخوا حکومت کے کھاتے میں ڈال دیا۔
انہوں نے کہا کہ کے پی کے قرضے وفاق کے مقابلےاونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر بھی نہیں۔ ہمارے صوبے کا کُل قرضہ 725 ارب ہے جبکہ وفاقی حکومت تو ہر مہینے ہی اتنا قرض لے لیتی ہے۔
ترجمان کے پی حکومت نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے دو سالہ اقتدار میں قرض 27 ہزار ارب روپے بڑھا ہے جب کہ خیبر پختونخوا کا قرض بھی وفاقی حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے بڑھا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ عطا تارڑ دو نوکریاں کرتا ہے اور شہباز ومریم کی نا اہلیاں چھپاتا پھر رہا ہے۔ کے پی میں گزشتہ 9 ماہ میں صحت کارڈ پر 7 لاکھ 80 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج ہو چکا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کے پی حکومت پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بیڈ گورننس اور کرپشن کے ساتھ مالی بے ضابطگیاں بھی ہیں۔ صحت کیلیے مختص فنڈز کو وفاق پر چڑھائی کیلیےاستعمال کیا گیا۔