اسلام آباد: ارشد چائے والا کے شناختی کارڈ آن بلاک ہونے کے باوجود پاسپورٹ کی تجدید نہ ہوسکی جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاسپورٹ اتھارٹیز سے جواب طلب کرلیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جسٹس عمیر مجید ملک نے دو صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایک سال سے پاسپورٹ کی تجدید کیوں نہیں ہوئی، پاسپورٹ اتھارٹی جواب دے۔
حکم نامے کے مطابق وکیل نے بتایا کہ پاسپورٹ تجدید میں تاخیر، آئین میں درج بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، نادرا نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ارشد کا شناختی کارڈ آن بلاک کیا تھا۔
یہ پڑھیں: ارشد چائے والا پاسپورٹ کے حصول کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گیا
عدالتی حکم نامے کے مطابق وکیل نے کہا کہ شناختی کارڈ آن بلاک ہونے کے بعد ارشد نے پاسپورٹ 20 اگست کو اپلائی کیا تھا، ڈیلیوری ڈیٹ 28 اگست 2025 تھی وہ گزر چکی ہے لیکن پاسپورٹ ابھی تک نہیں ملا۔
وکیل نے کہا کہ پاسپورٹ ڈیلیوری نہ ہونے کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی ہے۔
عدالت نے پاسپورٹ اتھارٹیز سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی ہے۔


