لاہور(18 جون 2026): معروف پاکستانی اداکار اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ارسلان نصیر نے امریکا میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایران کی شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت کے ضدی رویے پر شدید تنقید کی ہے۔
ارسلان نصیر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باوجود فٹبال میچز کھیلنے اور دوسری طرف بھارت کے رویے کا موازنہ کیا۔
انہوں نے اردو میں لکھا 4 مہینے سے فل آن جنگ! پھر بھی ایران کی ٹیم یو ایس اے میں فیفا ورلڈ کپ کھیل رہی ہے۔ اور ایک ہمارے پڑوسی ہیں، سال پہلے 6 جہاز کیا گرا دیے، آج تک چچھورپن ہی ختم نہیں ہو رہا۔
ارسلان نصیر کا اشارہ مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی فوجی جھڑپوں کی طرف تھا، جو مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد بھارتی ‘آپریشن سندور’ کے جواب میں شروع ہوئی تھیں۔
اس کے جواب میں پاکستانی فضائیہ نے کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے تھے اور سرحد پار حملوں میں بھاری فوجی نقصان پہنچایا تھا۔
پاکستانی اداکار کی اس پوسٹ کا مقصد یہ واضح کرنا تھا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان شدید فوجی و سیاسی دشمنی کے باوجود فیفا نے تصدیق کی کہ ایران اپنے گروپ اسٹیج کے تمام میچز امریکی سرزمین پر کھیلے گا، لیکن دوسری طرف بھارت تاحال کھیل کو سیاست سے الگ کرنے پر تیار نہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2012 کے بعد سے کوئی دوطرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلی گئی ہے اور دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی کے عالمی ٹورنامنٹس میں ہی ایک دوسرے کے آمنے سامنے آتی ہیں لیکن اس میں بھی دونوں ٹیمیں مصافحہ کیے بغیر میچ کھیلتے ہیں۔



