ہیوسٹن : ناسا کے مشن ’آرٹیمس ٹو‘ کے خلابازوں نے نیا سنگ میل عبور کرلیا، چاند کے تاریک حصے کا تاریخی سفر کرکے 56 سال پرانا ریکارڈ ٹوڑ دیا۔
امریکی خلائی ادارے ناسا کے ’آرٹیمس ٹو‘ مشن کے چار خلا باز چاند کی کششِ ثقل کے دائرے میں داخل ہوگئے ہیں اور تاریخ میں زمین سے سب سے زیادہ فاصلے تک پہنچنے والے انسان بننے کے قریب ہیں۔
خلاباز گزشتہ ہفتے فلوریڈا سے روانگی کے بعد اپنے اورین کیپسول میں سفر کر رہے ہیں، ناسا مشن کے چھٹے روز وہ تقریباً 252,757 میل کی ریکارڈ دوری پر پہنچیں گے، جو 56 سال قبل اپولو 13 کے خلا بازوں کے قائم کردہ ریکارڈ سے بھی زیادہ ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس تاریخی موقع پر خلا باز چاند کے تاریک حصے (فار سائیڈ) کے اوپر تقریباً 4 ہزار میل کی بلندی سے گزریں گے، جہاں سے زمین ایک چھوٹے گیند کی طرح نظر آئے گی۔
یہ ناسا مشن تقریباً 10 دنوں پر محیط ہے اور آرٹیمس پروگرام کا پہلا انسان بردار تجرباتی مرحلہ ہے، جس کا مقصد 2028 تک دوبارہ چاند پر انسان کو اتارنا اور مستقبل میں مریخ مشنز کے لیے راہ ہموار کرنا ہے۔
چاند کے گرد پرواز کے دوران خلا باز تقریباً 6 گھنٹے تک اندھیرے میں رہیں گے اور اس دوران زمینی رابطہ بھی عارضی طور پر منقطع ہو جائے گا کیونکہ چاند زمین اور خلائی جہاز کے درمیان حائل ہوجائے گا۔
اس دوران خلا باز جدید کیمروں کی مدد سے چاند کے کناروں سے جھلکتی سورج کی روشنی اور زمین کے نایاب مناظر کی تصاویر بھی لیں گے جو سائنسی لحاظ سے انتہائی اہم ہوں گی۔
ہیوسٹن میں قائم جانسن خلائی مرکز میں موجود سائنسدانوں کی ٹیم اس ناسا مشن کے دوران خلا بازوں کے مشاہدات کو براہِ راست نوٹ کر رہی ہے تاکہ چاند کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جاسکیں۔
آرٹیمس ٹو پروگرام کیا ہے؟
ناسا کی جانب سے شروع کیا گیا آرٹیمس ٹو پروگرام اربوں ڈالر مالیت کے متعدد مشنز پر مشتمل ایک وسیع خلائی منصوبہ ہے، جس کا مقصد انسانوں کو چاند کی سطح پر اتارنے (آرٹیمس تھری) کی راہ ہموار کرنا ہے۔
ابتدا میں یہ مشن 2027 کے لیے طے کیا گیا تھا، تاہم اب اندازہ ہے کہ اس میں 2028 تک تاخیر ہو سکتی ہے۔ اس پروگرام میں امریکہ کے ساتھ ساتھ کینیڈین اور یورپین اسپیس ایجنسیز سمیت دیگر کئی بین الاقوامی شراکت دار بھی شامل ہیں۔
اس مشن کا مقصد چاند کے گرد چکر لگا کر اورین اسپیس کرافٹ کے سسٹمز کو چیک کرنا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ وہ محفوظ طریقے سے کام کر رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


