گلگت : ضلع غزر میں برفانی گلیشئیرپھٹ جانے کے باعث دریا کا پانی رک کر جھیل کی شکل اختیار کرگیا تاہم قدرتی طور پر جھیل سے پانی کا اخراج شروع ہوچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلگت میں ضلع غزر کی تحصیل اشکومن میں گلیشئر گر جانے اور جھیل کا پانی گرنے کا سلسلہ جاری ہیں ، سڑکیں بند ہونے سے زمینی رابطہ منقطہ ہوگیا ہے۔
بدصورت کے مقام پر پہاڑ سے گلیشیر کا بڑا حصہ دریائے اشکومن میں گرنے سے دریا ئی پانی کا بہاؤ رک گیا اور دریا کا متاثرہ حصہ 20 فٹ گہری جھیل میں تبدیل ہوگیا۔
جس کے باعث 7 مکانات ،6 موٹر سائیکلز، 1 گاڑی، 40 مویشی مکمل طور پر دریا برد ہوگئے جبکہ درجنوں مکانات کونقصان پہنچا تاہم قدرتی طورپرجھیل سے پانی کا اخراج شروع ہوچکا ہے۔
جھیل کے اچانک پھٹ جانے کے خطرات کے پیش نظر دریا کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے غزرپولیس کے مطابق اب تک جھیل سے پانی کے اخراج کے نتیجے میں پانی کی سطح چھے سو فٹ تک کم ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے کسی بڑے حادثے کے خدشات بڑی حد تک کم ہوگئے ہیں، تاہم وقتا فوقتا جھیل کے اخراج کے مقام پر ہونے والی لینڈسلائیڈنگ اب بھی خطرے کا باعث ہے۔