کراچی : میٹرک (آرٹس) کے طلبا کو سائنس گروپس میں داخلے کی اجازت دے دی گئی ، پالیسی 2026 کے پہلے سالانہ ایس ایس سی امتحانات سے نافذ العمل ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق تعلیمی حکام نے ایک بڑی پالیسی تبدیلی کے تحت میٹرک (آرٹس/ہیومینیٹیز) کے طلبہ کو انٹرمیڈیٹ سطح پر سائنس گروپس میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔
نئی پالیسی کے تحت میٹرک میں آرٹس پڑھنے والے طلبہ اب پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس (آئی سی ایس) اور دیگر سائنس سے متعلقہ گروپس میں داخلہ حاصل کر سکیں گے۔
یہ فیصلہ انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کے اجلاس میں کیا گیا، آئی بی سی سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد علی گل کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا کہ اس پالیسی کا اطلاق 2026 کے پہلے سالانہ سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) امتحانات سے ہوگا۔
مزید پڑھیں : میٹرک اور انٹر امتحانات میں ای مارکنگ سسٹم! طلبا کے لئے بڑی خبر
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ تمام اہم اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کیا گیا، جن میں پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی)، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) شامل ہیں۔
تعلیمی حکام نے اس پیش رفت کو ایک “تاریخی فیصلہ” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک بھر میں آرٹس کے ہزاروں طلبہ کے لیے نئے تعلیمی مواقع پیدا ہوں گے۔
دوسری جانب پنجاب کے وزیر تعلیم نے اعلان کیا تھا کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 2026 میں عیدالفطر کے بعد منعقد کیے جائیں گے، میٹرک کے امتحانات پہلے 3 مارچ سے شروع ہونا تھے، جبکہ انٹر کے امتحانات کے شیڈول پر ابھی غور کیا جا رہا تھا۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ رمضان اور عیدالفطر کے دوران طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کے لیے امتحانات عید کے بعد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


