کوئٹہ: اے آر وائی نیوز کی خبر کا اثر سامنے آگیا، کوئٹہ کی برف باری میں جوتے پالش کرنے والے بچے اسد اللہ کی سن لی گئی، وزیراعظم کی ہدایت پر بیت المال کی ٹیم بچے کے گھر پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر بیت المال کا عملہ جوتے پالش کرنے والے بچے اسداللہ کے گھر پہنچا اور والد کو اپنے دفتر لے گیا۔ والد کا کہنا ہے کہ بیت المال کے عملے نے مالی معاونت کی یقین دہانی کروائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیت المال اور حکومت بلوچستان کا شکر گزار ہوں، گزشتہ روز حکومت بلوچستان نے نقد رقم اور راشن بھی فراہم کیا تھا۔ خیال رہے کہ معصوم اسد بہن بھائیوں اور والدین کا پیٹ پالنے کے لیے جوتے پالش کرتا ہے۔
کوئٹہ، برفباری میں بوٹ پالش کرنے والے بچے کو شہریوں نے ڈھونڈ لیا
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی محنت کش بچے سے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ملاقات ہوئی تھی، وزیراعلیٰ بلوچستان نے محنت کش بچے کی مالی امداد کی۔ ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق بچے کو گرم کپڑے، ایک ماہ کا راشن بھی فراہم کیا گیا۔
یاد رہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شدید سردی کی لہر جاری ہے ایسے میں شدید برفباری کے دوران روزگار کمانے کے لیے باہر نکلے ہوئے ننھے بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔