اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار بینکوں سے کہہ رہے ہیں کہ ادائیگیوں میں جتنی تاخیر ہوسکے کریں۔
پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں غیریقینی کی صورتحال ہے ہم ایسی جگہ کھڑے ہیں جہاں ملک کو خطرات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی عوام کا مہنگائی کی وجہ سے جینا دوبھر ہوگیا ہے موجودہ حکومت ڈھٹائی کے ساتھ اپنے مفاد کے لیے اقتدار سے چمٹی ہوئی ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ شریف فیملی کا ایک ایک ممبر آکر ڈرائی کلین ہورہا ہے اور کیسز معاف کروائے جارہے ہیں۔
یہ پڑھیں: ملک سے ڈالر اسمگل ہورہا ہے، وزیر خزانہ
ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انتخابات کی ہمیں جلدی نہیں لیکن ملک کے لیے جلد الیکشن چاہتے ہیں، عمران خان مقبول لیڈر ہیں انتخابات میں تاخیر سے انہیں اور فائدہ ہوگا۔
سابق وزیر نے کہا کہ عمران خان اس وقت سیاست کا نہیں ملک کا سوچ رہے ہیں جبکہ یہ بالکل فیصلہ ہوا ہے کہ ایک ایک ممبر جاکر استعفے کی تصدیق کروائے گا۔