بدھ, دسمبر 4, 2024
اشتہار

شاہ رخ خان کا بیٹا جیل میں کیسی زندگی گزارے گا؟

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی عدالت کی جانب سے درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد کنگ خان کے بیٹے آریان خان کو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ممبئی کے آرتھر جیل منتقل کردیا گیا، وہ وہاں مزید 13 دن عدالتی ریمانڈ پر جیل میں رہیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد انہیں ساتھیوں سمیت ممبئی کی آرتھر روڈ جیل منتقل کیا گیا ہے۔

انڈین میڈیا رپورٹ کے مطابق سونے کا چلچہ منہ میں لے کر پیدا ہونے والے آریان خان کو ممبئی کی جیل میں دیگر عام قیدیوں کی طرح رہنا پڑے گا۔

- Advertisement -

خیال رہے کہ پولیس حراست میں ملزم کے لیے گھر یا باہر سے کھانا منگوایا جا سکتا ہے جبکہ عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل کیے جانے کے بعد قانون کے تحت ملزم دیگر قیدیوں کے ساتھ معمولات گزارتا ہے۔

شاہ رخ خان کے بیٹے اور ان کے ساتھ گرفتار دیگر پانچ ملزمان کو ممبئی کی جیل کی پہلی منزل کی اسپیشل قرنطینہ بیرک میں منتقل کیا گیا جہاں وہ پانچ دن گزاریں گے۔

آریان خان اور ان کے ساتھی ملزمان کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آئی تھیں تاہم ان کو جیل میں دیگر قیدیوں سے میل ملاپ سے قبل قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔ آریان خان کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں بھی لگوا چکے ہیں۔

جیل میں آریان خان کو دیگر قیدیوں کے ساتھ صبح 6 بجے جاگنا ہوگا جس کے بعد 7 بجے ناشتہ دیا جائے گا۔ قیدیوں کے لیے ممبئی کی جیل میں دن کا کھانا 11 بجے ہوتا ہے جبکہ رات کے کھانے کا وقت شام 6 بجے مقرر ہے۔

ممبئی کی جیل میں قیدیوں کو ناشتے میں شیرا پوہا جبکہ دن اور رات کے کھانے میں چپاتی، دال اور چاول دیے جاتے ہیں۔ گھر کا کھانا فراہم کرنے کی اجازت کے عدالتی حکم کے آنے تک بالی وڈ کنگ سٹار شاہ رخ خان کے بیٹے کوعام قیدیوں کے ساتھ جیل کا کھانا لینا ہوگا تاہم ان کو جیل کی کینٹین سے کھانا لینے کی اجازت ہوگی جس کے لیے الگ سے قیمت ادا کی جاتی ہے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق جیل میں زیادہ تر قیدی رات کا کھانا 8 بجے کھاتے ہیں اور پلیٹ اپنے پاس ہی رکھتے ہیں۔ منشیات رکھنے کے مقدمے میں گرفتار آریان خان کے وکیل ستیش منشندے نے ضمانت کی درخواست پر دلائل میں کہا تھا کہ ان کے مؤکل کی عمر 23 برس ہے اور ان کا پہلے سے کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں۔

وکیل کے مطابق ’آریان خان معزز خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے والدین اور رشتے دار عدالت میں موجود ہیں۔ ان کے پاس انڈین پاسپورٹ ہے اور ان کی اس معاشرے میں جڑیں ہیں وہ فرار نہیں ہو سکتے۔

آریان خان کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ ان کے مؤکل ضمانت پر رہائی کے بعد مقدمے کے شواہد میں تبدیلی کے لیے خطرہ نہیں۔ شواہد اور دیگر ملزمان پہلے سے ہی پولیس کی تحویل میں ہیں۔

وکیل کے مطابق آریان خان سے کوئی ممنوعہ مواد برآمد نہیں کیا گیا اور ان کو صرف وی وی آئی  پی کا بیٹا ہونے کی وجہ سے اس سلوک کا سامنا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں