بوسٹن: امریکا میں متعین پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا سے طویل المدتی، پائیدار اور وسیع البنیاد تعلقات کا خواہاں ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے یک جہتی کشمیر ویک کے سلسلے میں بوسٹن کے دورے کے موقع پر کیا، اسد مجید نے بوسٹن یونی ورسٹی کے گلوبل اسٹیڈیز کے ممبران سے ملاقات کی، پاکستانی سفیر نے ٹفٹس یونی ورسٹی کے طلبہ، اسکالرز اور فیکلٹی ممبران سے بھی ملاقاتیں کیں۔
پاکستانی سفیر اسد مجید نے پاک امریکا تعلقات، خطے میں حالیہ پیش رفت پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا، انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انسانی صورت حال کی ابتری پر بھی روشنی ڈالی، اسد مجید نے امریکی صدر اور وزیر اعظم عمران خان کی ملاقاتوں سے بھی گلوبل اسٹڈیز کے ممبران کو آگاہ کیا۔
اسد مجید نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہوگا، سلامتی کونسل نے چند ماہ کے دوران تین بار تنازع کشمیر کا نوٹس لیا، مقبوضہ وادی میں 6 ماہ سے غیر انسانی لاک ڈاؤن جاری ہے۔
خیال رہے کہ پاکستانی سفیر کا دورہ یک جہتی کشمیر ویک کے حوالے سے جاری سرگرمیوں کا حصہ ہے۔