اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حق خودارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے۔
تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر پراسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ حق خودارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے، پاکستان کی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیرکے پرامن حل کے لیے پرعزم ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کشمیر میں طاقت کے استعمال سے تحریکِ آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا، مسئلے پر پاکستان کے اصولی موقف کو بھی نہیں بدلا جا سکتا۔
دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ
پاکستان حق خودارادیت کے لیے جدو جہد کی ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
قاسم سوری نے کہا کہ پاکستان مظلوم کشمیری عوام کی آواز اورہرمشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر آج ملک بھر میں جوش وخروش سے منایا جارہا ہے
واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے جس کا مقصد پاکستانی قوم کی طرف سے کشمیریوں کی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ مکمل حمایت کا اظہار کرنا ہے۔