پیر, مارچ 17, 2025
اشتہار

فرشتوں کی جماعت بنا لیتے تب بھی یہ مخصوص نشستیں نہیں دیتے، اسد قیصر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم فرشتوں کی جماعت بنا لیتے تب بھی یہ مخصوص نشستیں نہیں دیتے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی اتحاد کیلیے جماعت اسلامی، ایم ڈبلیو ایم و دیگر پر غور کر رہی تھی لیکن ہم 100 فیصد قانون پر عمل کرتے تب بھی مخصوص نشستیں نہ ملتیں۔

سیاسی حکمت علمی کے بارے میں اسد قیصر نے واضح کیا کہ سیاسی طور پر ہم بالکل مزاحمت کریں گے اور کوئی مفاہمت نہیں کریں  گے، جعلی حکومت کو ہم کسی صورت نہیں چلنے نہیں دیں گے اور اس کیلیے ہم اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں۔

جعلی خبروں سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف ڈس انفارمیشن سیل چلایا جا رہا ہے، کل فلسطین پر قرارداد سے متعلق ڈس انفارمیشن پھیلائی گئی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ میں نے کہا تھا فلسطین پر صرف فاتحہ نہیں کرنی چاہیے بلکہ مشترکہ قرارداد آنی چاہیے، فلسطین کے معاملے پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور بلاول بھٹو زرداری نے ڈس انفارمیشن پھیلائی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا معاملہ الگ ہے کیونکہ وہ ایک صوبے کے سربراہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ صرف پی ٹی آئی نہیں بلکہ پورے صوبے کے نمائندے ہیں، صوبوں کے مسائل ہوتے ہیں انہیں مختلف فورم پر لے جانا پڑتا ہے، علی امین گنڈاپور جو کچھ کر رہے ہیں وہ صوبے کیلیے کر رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں