اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور پاکستان کے عوام کا منصوبہ ہے، سی پیک منصوبے کی تکمیل میں قومی اسمبلی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سی پیک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک پاکستان اور پاکستان کے عوام کا منصوبہ ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل میں قومی اسمبلی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، ہماری معیشت مضبوط ہوگی تو اس سے چین کو فائدہ ہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری معیشت متاثر ہوئی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان کے پی کا ہوا۔
سی پیک منصوبے کی تکمیل پاکستان کے لیے اولین ترجیح ہے، وزیر خارجہ
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل پاکستان کے لیے اولین ترجیح ہے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ معاشی بہتری کے لیے اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبوں کی شراکت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ دونوں ممالک باہمی شراکت سے آگے بڑھ رہے ہیں۔