اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی کے نامزد اسپیکر اسد قیصر کا کہنا ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے قانون سازی اولین ترجیح ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی کے عہدے کے لیے نامزد امیدوار اسد قیصر کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اپوزیشن کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
اسد قیصر نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی سمیت تعلیم اور صحت کے شعبوں میں عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی کے نامزد اسپیکر نے یہ بھی کہا کہ زراعت، صحت، بجلی اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے قانون سازی ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔
عمران خان کے اعتماد پرپورا اتروں گا، ایک نیا پاکستان بنائیں گے‘ اسد قیصر
خیال رہے کہ دو روز قبل بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کوشش یہی ہوگی کہ ہاؤس کورولز کے مطابق چلائیں، عوام اورملک کے لیے کام کریں گے، ایک نیا پاکستان بنائیں گے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کومیرٹ پرچلائیں گے اور پارلیمنٹ کو پورا وقت دیں گے، اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے.