اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اسلام آباد میں موبائل یوٹیلیٹی اسٹور سروس کا افتتاح کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر اسلام آباد میں موبائل یوٹیلیٹی اسٹورسروس کا افتتاح کر دیا، ابتدائی طور پر اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں موبائل اسٹورز سے اشیاء فراہم کی جائیں گی۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے ديہی علاقوں کے لیے 8 موبائل اسٹورز مختص کیےگئے ہیں، 2 ہفتے تک ان موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز کا دائرہ ملک بھر میں پھیلایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اقدام کےتحت اشیائے ضروریہ سستے داموں فراہم کی جائیں گی،آٹا،چینی،دالیں اورگھی سستے نرخوں پرگلی گلی فراہم کیا جائےگا،حکومت اشیائےضروریہ کی فراہمی متاثرنہیں ہونے دےگی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے50 ارب روپے کا پیکج منظور کیاگیا،لوگوں کےگھروں تک راشن وزیر اعظم کی ہدایت پر پہنچائیں گے۔
دوسری جانب ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں 4 ہزار یوٹیلٹی اسٹورز ہیں،یوٹیلیٹی اسٹورز کی عوام تک رسائی کو بڑھانے کے لیے اقدام کیاگیا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ابتدائی طور پر لاک ڈاؤن 3 ہفتوں کا پلان کیا تھا،ابھی اس بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کر سکتے لیکن ہمیں اس بات کو دھیان میں رکھنا ہوگا کہ کرونا وائرس 2 سے 3 ہفتوں میں ختم نہیں ہوسکتا، اس کے لیے ہمیں وقت چاہیے ہوگا۔