اسلام آباد : پاکستان تحریکِ انصاف کے سابق رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں جمہوریت نہیں چل سکتی، پاکستان کو نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے سابق رہنما اسدعمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی پانچ مقدمات میں بےگناہ ثابت ہوچکے ہیں، تاہم اس کے باوجود انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
اسدعمر کا کہنا تھا کہ عوام سب جانتے ہیں کہ کون درست ہے اور کون نہیں، پیپلزپارٹی نے کافی حد تک یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ایک سیاسی جماعت ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے طرزِعمل سے یہ واضح کردیا ہے کہ اس کا اب عملی سیاست سے کوئی تعلق نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوامی ووٹ لے کر نہیں آئے، اگر وہ ووٹ لے کر آتے تو عوام کو اس قدر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
ایران کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سابق وزیر کا کہنا تھا کہ اس وقت ایران کے حالات کافی خراب ہیں، تاہم اس معاملے پر پاکستان نے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔
رہنما نے کہا کہ اگر عوام کے ڈالے گئے ووٹ پر حکومت بنتی تو اصل صورتحال سب کے سامنے آجاتی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ سہیل آفریدی کے آنے سے پہلے پارٹی ورکرز کو اٹھایا جا رہا تھا، جو جمہوری اقدار کے منافی ہے، پاکستان جیسے ملک کے لیے جمہوریت کے علاوہ کوئی اور حل نہیں۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ تمام فریقین کو ایک بار پھر ساتھ بیٹھنا ہوگا اور ایک نیا میثاقِ جمہوریت تشکیل دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


