اسلام آباد : وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر کا کہنا ہے کہ چندہفتوں میں مہنگائی میں 5فیصدکمی ہوئی ہے، مہنگائی اور افراط زرکاگراف مزیدنیچےآئےگا، سی پیک پربرق رفتاری سے کام جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ملکی معیشت کو2سال میں مستحکم ہوناتھا، 2 سال سے پہلے معیشت کےمستحکم ہونےکاہدف حاصل ہوجائےگا، پچھلے چندہفتوں میں مہنگائی میں 5فیصدکمی ہوئی ہے، مہنگائی اور افراط زرکاگراف مزیدنیچےآئےگا۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ صنعتی پیداوار میں 9سے35فیصد اضافہ ہوا ہے، مختلف صنعتوں نےکام شروع کردیاہے، معاشی سرگرمیاں شروع ہوچکی ہیں صنعتوں کاپہیہ چل چکاہے، گزشتہ تین ماہ میں ترقیاتی بجٹ 185 ارب خرچ کیاہے۔
سی پیک منصوبوں کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا سی پیک پربرق رفتاری سے کام جاری ہے ، سی پیک منصوبوں کی تکمیل کی رفتارسےچین،پاکستان مطمئن ہیں، رواں مالی سال میں 3خصوصی اکنامک زون کاسنگ بنیادرکھاجائےگا، چینی صدرکادورہ متوقع ہے،حتمی شیڈول طےکیاجارہاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آبادکا سب سےبڑا مسئلہ پانی ہے، غازی بروتھاسےپانی لانےکامنصوبہ ہے، راولپنڈی اوراسلام آبادمیں پانی کی کمی دورکی جائے گی اور اسلام آبادایئرپورٹ میٹروبس سروس منصوبہ چندہفتےمیں مکمل ہوجائےگا۔
اسد عمر نے کہا اسٹیٹ بینک کومانیٹری پالیسی پر نظر ثانی کرنا پڑےگی، نئےحالات میں انٹرسٹ ریٹ میں کمی ہوگی، روپے کی قدر مستحکم رہےگی اور انٹرسٹ ریٹ کم ہونے سے بھی سرمایہ محفوظ رہےگا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بیرونی سرمایہ کاری سے زیادہ اندرونی سرمایہ کاری پرانحصارہے، ملکی معیشت کازیادہ انحصاراندرونی سرمایہ کاری پرہے، سعودی عرب کی2بڑےمنصوبوں میں سرمایہ کاری پرتیزی سےکام جاری ہے۔