اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ جغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے پاکستان اہمیت کا حامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پلواما حملے کا تعلق بھارت کی اندرونی سیاست سے ہے، گزشتہ 2 دہائیوں سے پاکستان کوعالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کی گئی۔
اسد عمر نے کہا کہ جغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے پاکستان اہمیت کا حامل ہے، پاکستان تاریخی لحاظ سے بھی اہم مقام رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے پاکستان کی اہمیت، چین سے تعلقات مستحکم ہوئے، پاکستان کے ایران کے ساتھ بھی اچھے تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا موقف ہے کہ افغان مسئلے کا حل مذاکرات ہیں، وزیراعظم نے بھارت کو بھی مذاکرات کی بارہا دعوت دی۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ یہ خطہ عالمی تجارت کا مرکزبن سکتا ہے۔
کرپٹ عناصر کی نشان دہی کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد کا سوچ رہا ہوں: اسد عمر
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیرِ خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ ایف بی آر میں کرپٹ عناصر کی نشان دہی کے لیے وہ سنجیدگی کے ساتھ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد حاصل کرنے کا سوچ رہے ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم آئی تو وہ نتیجہ دینے کے لیے ہوگی روایتی نہیں، بزنس کمیونٹی سے کہا کہ وہ کیسی ایمنسٹی اسکیم چاہتے ہیں تجاویز دیں۔