The news is by your side.

Advertisement

’’وزیراعلیٰ سندھ کراچی کو اپنا نہیں سمجھتے‘‘

کراچی: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کراچی کو اپنا نہیں سمجھتے، وفاق صوبے میں کام کرے تو سندھ حکومت روڑے اٹکاتی ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے شاہ فیصل کالونی میں دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے بہتر احتساب کوئی نہیں کرسکتا، آئندہ بلدیاتی انتخابات نئے نظام کے تحت ہوں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ کراچی کے منتخب نمائندے صوبائی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت تو کراچی میں کام جاری رکھے گی کیونکہ ہم کراچی کو اپنا سمجھتے ہیں سندھ حکومت ہی اسے اپنا نہیں سمجھتی ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ مقامی حکومت کے پاس سارے اختیارات ہونے چاہئیں پر کراچی میں ایسا نہیں ہے، وزیراعلیٰ اور صوبائی وزرا حامی بھرتے ہیں پر اختیارات نہیں دیتے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ کراچی میں پینے کا پانی دستیاب نہیں، ٹرانسپورٹ کا انتظام نہیں ہے، بنیادی سہولتوں سے محروم کراچی کی ذمہ دار پیپلزپارٹی ہے۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ سندھ میں بہترین بلدیاتی نظام کا مطالبہ کرتے ہیں، بھتہ خوری کا نظام قائم کرنے والوں نے ملک کو برباد کیا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں