اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے جون اور جولائی میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ اور کیسز کا تخمینہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریضوں میں کمی کی وجہ ٹیسٹ میں کمی نہیں بلکہ عوام کا بہتر رویہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ کرونا کیسز میں کمی کو ٹیسٹنگ میں کمی قرار دے رہے ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ مریضوں میں کمی کی وجہ ٹیسٹ میں کمی نہیں بلکہ عوام کا بہتر رویہ ہے، احتیاط میں کمی کرنے سے وبا کا پھیلاؤ بڑھ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یکم جون سے 15 جون تک اوسطاً 23 ہزار 403 ٹیسٹ ہوئے، جن میں سے 5 ہزار 56 ٹیسٹ مثبت آئے، جبکہ یکم جولائی سے 15 جولائی تک 22 ہزار 969 ٹیسٹ جن میں 3 ہزار 97 مصدقہ کیسز کی تصدیق ہوئی۔
جون 1 سے 15 اوسط ٹیسٹ 23،403 اور جولائی 1 سے 15 اوسط ٹیسٹ 22،969. جون 1 سے 15 اوسط کرونا کیس 5،056 اور جولائی 1 سے 15 اوسط کیس 3،097. مریضوں میں کمی عوام کے بہتر رویہ اور انتظامی اقدامات کا نتیجہ ہے ، ٹیسٹ میں کمی کی وجہ سے نہیں. احتیاط میں کمی سے وبا کا پھیلاؤ بڑھ سکتا ہے
— Asad Umar (@Asad_Umar) July 16, 2020
خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 145 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 57 ہزار 914 ہوچکی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 40 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 426 ہوگئی ہے۔