ہفتہ, نومبر 9, 2024
اشتہار

نوازشریف وعدہ خلاف ہیں، فاٹا کے پی کے کا حصہ ضرور بنے گا، اسفند یار ولی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ نوازشریف وعدہ خلاف ہیں اور یہ اُن کی پرانی عادت ہے، فاٹا انضمام کے معاملے پر حکومت پیچھے ہٹی تو وزیراعظم کو جدہ میں بھی سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، حکومت سُن لے فاٹا خیبرپختونخوا کا حصہ ضرور بنے گا۔

کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں واقع ولیکا گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ نے نوازشریف پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے وعدہ خلافی کی جو نوازشریف کی پرانی عادت ہے۔

اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بجٹ سے پہلے فاٹا سفارشات منظور کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی مگر وہ ابھی تک نہ ہوسکی، اگر نوازشریف نے یہ وعدہ پورا نہ کیا تو انہیں اس بار جدہ میں بھی سرچھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، حکومت سُن لے کہ فاٹا خیبرپختونخوا کا حصہ بن کر رہے گا۔

- Advertisement -

اے این پی کے سربراہ نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے چار میں سے صرف  ایک اسلامی ملک ہمارے ساتھ رہ گیا باقی سب نے ساتھ چھوڑ دیا، جنگ میں سب سے زیادہ پختونوں کا نقصان ہوا یہی وجہ ہے کہ ایک پختون اپنے آپ کو عالم دین تو دوسرا قوم پرست کہتا ہے مگر درحقیقت دونوں ہی انگریز کے غلام بن کر رہ گئے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکہتے ہیں کہ صوبائی حکومت سی پیک سےمطمئن ہے مگر اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی سی پیک کےخلاف عدالت میں چلے گئے۔

اسفند یار ولی نے کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ساتھ باہمت اور پرعزم لوگ ہیں یہی وجہ ہے کہ آج طعنے دینے والے خاموش ہونے پر مجبور ہوگئے اور اے این پی اپنی جگہ پر قائم ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں