ممبئی: بھارت کی معروف لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے 92 برس کی عمر میں فانی دنیا کو خیر باد کہہ گئیں، ان کے انتقال کی خبر نے شوبز انڈسٹری سے جڑے ہر شخص کو افسردہ کردیا، تاہم اب ان کے اثاثوں کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے250 کروڑ روپے کے مالی اثاثوں، 100 کروڑ کی قیمتی جائیدادیں اور ایک ریسٹورنٹ چین بھی ورثے میں چھوڑ کر دنیا سے رخصت ہوئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آشا بھوسلے ناصرف اپنی لازوال آواز بلکہ ایک بڑی مالی اور کاروباری میراث بھی اپنے پیچھے چھوڑ گئی ہیں۔
ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ تقریباً 250 کروڑ بھارتی روپے لگایا گیا ہے، جو کئی دہائیوں پر محیط کامیاب کیریئر کا نتیجہ ہے۔ ان کے پاس ممبئی اور پونے سمیت مختلف شہروں میں قیمتی جائیدادیں موجود تھیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 100 کروڑ روپے بتائی جارہی ہے۔
بھارتی گلوکارہ نے موسیقی کے علاوہ کاروبار کے میدان میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے، انہوں نے ایک بین الاقوامی ریسٹورنٹ چین قائم کی، جو 2002 میں دبئی سے شروع ہوئی اور بعد ازاں متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، برطانیہ تک پھیل گئی، جہاں برمنگھم اور مانچسٹر جیسے شہروں میں اس کی شاخیں موجود ہیں۔
معروف گلوکارہ اپنی زندگی کے آخری برسوں تک دنیا بھر میں لائیو پرفارمنس کرتی رہیں، جس سے ان کی مقبولیت اور آمدن دونوں برقرار رہیں۔
بالی ووڈ کی معروف گلوکارہ آشا بھوسلے انتقال کر گئیں
بھارتی میڈیا کے مطابق آشا بھوسلے کو ایک روز قبل شدید تھکن اور سینے کے انفیکشن کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ فانی دنیا کو خیر باد کہہ گئیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


