پیر, مارچ 24, 2025
اشتہار

وزیر داخلہ کی سیاسی قائدین سے دھرنا ختم کرنے کی اپیل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا دھرنا مظاہرین سے اپیل کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ربیع الاول امت کے لیے خوشیوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، عید میلاد النبی کو قومی اتحاد و اتفاق سے منانے کا موقع دیا جائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے اپیل کی کہ ’ربیع الاول کے احترام میں دھرنا ختم کردیا جائے کیونکہ یہ مہینہ امت کے لیے خوشیوں اور برکتوں کا مہینہ ہے‘۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ قومی اتحاد و اتفاق سے عید میلاد النبی منانے کا موقع پوری امت کو دیا جائے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے فیض آباد پر گزشتہ 15 روز سے مذہبی جماعتوں نے دھرنا دیا ہوا ہے، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد ختم نبوت ﷺ کے قانون میں ترمیم کے سنگین جرم کے مرتکب ہیں لہذا فوری اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد دھرنا، حکومت مسئلے کو جلد حل کرے، چوہدری نثار

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کے لیے مقامی انتظامیہ کو دو روز قبل 24 گھنٹے کا وقت دیا گیا تھا تاہم مقررہ ٹائم گزر جانے کے باوجود مظاہرین اور حکومت کے مابین کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی۔

حکومت نے مظاہرین سے مذاکرات کے لیے علماء و مشائخ کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو مذہبی قائدین کو واپس بھیجنے اور بات چیت کے لیے راضی کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

مذاکرات کے چار دور گزر جانے کے باوجود تاحال کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی، مذہبی جماعت کے قائدین نے مؤقف اختیار کررکھا ہے کہ جب تک وفاقی وزیر قانون مستعفیٰ نہیں ہوتے بات چیت کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

زاہد حامد کے خلاف کارروائی تک دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا، سیاسی قائدین

دوسری جانب مذہبی جماعت کے رہنماؤں نے کچھ دیر قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے دو ٹوک اعلان کیا کہ ’زاہد حامد کے خلاف کارروائی تک دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا‘۔

دھرنا قائدین نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’حکومت مذاکرات نہیں مذاق کررہی ہے، وفاقی وزیر قانون کے مستعفیٰ ہونے تک ہر صورت دھرنا جاری رکھیں گے، اگر انتظامیہ کو طاقت کا استعمال کرنا ہے تو ہمیں شہید کردے مگر یاد رکھے کہ اُس کے بعد یہ حکومت ختم ہوجائے گی‘۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: دھرنا ختم کروانے کے لیے حکومت کا شرکا سے مذاکرات کا فیصلہ

پیر افضل قادری نے دعویٰ کیا کہ’ وزیر قانون استعفے کے لیے تیار ہیں مگر  مودی کے ایجنٹوں کو مسئلہ ہورہا ہے‘۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں