جمعہ, مارچ 6, 2026
اشتہار

بوسیدہ کپڑوں والا بوڑھا

اشتہار

حیرت انگیز

زندگی میں‌ بڑی چھوٹی خوشیاں، رنج و غم کے علاوہ کئی طرح کے مسائل اور مشکلات کا سامنا سبھی کو کرنا پڑتا ہے۔ ہم میں سے اکثر لوگ زندگی کے اتار چڑھاؤ کو سمجھنے سے قاصر رہتے ہیں اور ساری عمر ناخوش اور پریشان رہ کر گزار دیتے ہیں، لیکن کبھی مثبت رخ اور روشن پہلو نہیں دیکھتے۔

ایک فلسفی اور صوفی شاید ہم عام انسانوں کے برعکس زندگی کی خوشیوں اور اس دنیا میں اپنی تکالیف اور مشکلات کو بھی مختلف انداز سے دیکھتا ہے۔ پیشِ نظر پارہ اشفاق احمد کی کتاب "زاویہ” سے لیا گیا ہے جس میں انھوں نے ایک نباض کی حیثیت سے ہماری عام نفسیات، رویوں اور عادات پر ہاتھ رکھا ہے۔ ان کی یہ کتاب زندگی کا وہ رخ دکھاتی ہے جو ہمارے لیے حیران کن اور سبق آموز ہے۔ یہ دل کو موہ لیتی اور روح کو بیدار کر دیتی وہ تحریریں ہیں جنھیں ایک عمر کے تجربات، مشاہدات کے بعد اشفاق احمد نے اپنے خوب صورت انداز میں ہمارے سامنے پیش کیا ہے۔ ملاحظہ کیجیے:

مجھے ایک بار ٹرین سے لاہور جانے کا اتفاق ہوا۔ میں جس ڈبے میں سفر کر رہا تھا اس میں ایک بوڑھا بھی بیٹھا تھا۔

اس کی عمر مجھ سے کافی زیادہ تھی، اس کی داڑھی بڑھی ہوئی تھی اور بوسیدہ کپڑوں میں ملبوس تھا۔ اس کے جسم سے عجیب سی سمیل smell آ رہی تھی، ایسے لگتا تھا کہ وہ دن بھر جسمانی مشقت کرتا رہا ہے اور بار بار کپڑے پسینے میں شرابور ہونے کی وجہ سے اس سے ایسی مہک آ رہی ہے۔

میں حسبِ عادت اس سے باتیں کرنے لگا۔ گو طبیعت نہیں چاہ رہی تھی۔ تجسس کی حس بیدار ہوئی اور اس سے باتیں کرنے لگا۔ میں نے پوچھا بابا کہاں جانا ہے؟

وہ مسکرایا اور بولا: گھر۔

اب میں تلملایا بھی، لیکن مجھے لگا کہ وہ کوئی عام شخص نہیں کوئی بابا ہے جو اس نے مجھے اتنا مختصر اور جامع جواب دیا ہے۔

میں اس کے قریب ہو گیا اور پوچھا: جوانی اچھی ہوتی ہے کہ بڑھاپا؟

اس نے کہا: جوانوں کے لیے بڑھاپا اور بوڑھوں کے لیے جوانی۔

میں نے کہا: وہ کیسے

بولا: بوڑھے اگر جوان ہو جائیں تو شاید وہ پہلے والی غلطیاں کبھی نہ دہرائیں اور اگر جوان بوڑھوں کو تجربے کے طور پر لیں تو ان کی جوانی بے داغ اور بے عیب گزرے۔

اس بوسیدہ کپڑوں والے بوڑھے نے اتنی وزنی بات کر دی کہ بڑے مفکر اور دانشور ایسی بات نہیں کر سکتے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں