ممبئی: سابق ملکہ حسن اور بالی ووڈ اداکارہ کی دوست نے دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشوریارائے اپنے حسن ، خوبصورتی اور تعلیم کی وجہ سے کالج دور میں بھی بہت مشہور تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایشوریا کی دوست شیوانی سے جب سابق ملکہ حسن کے کالج دور کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ اور ایشوریا ممبئی کے کالج میں ساتھ تعلیم حاصل کرتی تھیں۔
دیکھیں: بالی ووڈ اداکارہ ایشوریارائے کی چند خوبصورت تصاویر
شیوانی کا کہنا ہے کہ ایشوریا کالج زمانے سے ہی اپنے حسن اور خوبصورتی کی وجہ سے مشہور تھیں اور تعلیم کو سنجیدہ لینے کی وجہ سے ہر ٹیچر کی آنکھ کا تارہ بھی تھیں تاہم انہوں نے اپنی خوبصورتی کو کبھی اہمیت نہیں دی۔
شیوانی کا کہنا ہے کہ ایشوریا بھی دیگر طالبہ کی طرح کالج آنے جانے کے لیے عام ٹرین کا استعمال کرتی تھیں، خوبصورت نظر آنے کی وجہ سے اکثر بالی ووڈ اداکارہ کو خواتین رُک کر دیکھتی تھیں جس پر وہ صرف مسکرا کر آگے بڑھ جاتی تھیں۔
ایشوریا کی دوست کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ اداکارہ کا شمار ذہین طالب علموں میں ہوتا تھا اور وہ ہمیشہ آگے کی نشست پر بیٹھتی تھیں، وقت کی پابندی اور اصولوں پر عمل کرنے کی وجہ سے وہ ہر ٹیچر کی آنکھ کا تارہ تھیں۔
شیوانی نے انکشاف کیا کہ کالج زمانے میں فزکس کے ٹیچر کے کہنے پر ایشوریا نے کالج میگزین کے لیے پہلا فوٹو شوٹ کرویا جس کی وجہ سے وہ بہت مشہور ہوئی اور پھر دنیا کی خوبصورت لڑکی کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔