بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہانگ کانگ کو 26 رنز سے شکست دی -
The news is by your side.

Advertisement

بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہانگ کانگ کو 26 رنز سے شکست دی

دبئی: بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہانگ کانگ کو 26 رنز سے شکست دے دی،  شیکھر دھون کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے گروپ میچ میں بھارت نے سخت مقابلے میں ہانگ کانگ کو 26 رنز سے شکست دے دی، ہانگ کانگ 286 رنز کے تعاقب میں 259 رنز تک محدود رہی۔

ہانگ کانگ کے نزاکت خان نے92 اور ایوشمان نے 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ہانگ کی اوپننگ جوڑی نے 174 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تاہم بعد میں آنے والے بلے باز ہدف کے تعاقب میں ناکام رہے۔

بھارت کے خلیل احمد اور چاہل نے تین، تین کھلاڑیوں کی پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کلدیپ یادو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے میچ میں بھارت نے شیکھر دھون کی سنچری کی بدولت پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو جیت کے لیے 286 رنز کا ہدف دے دیا۔

 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا چوتھا میچ دبئی نیشنل اسٹیڈیم میں ہانگ کانگ اور بھارت کی ٹیموں کے مابین کھیلا جارہا ہے۔

ہانگ کانگ کے کپتان آنشی رتھ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت کی جانب سے 20 سالہ خلیل احمد نے بطور باؤلر ڈیبیو کیا ہے۔

بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز شیکھر دھون اور کپتان روہت شرما نے کیا، ابتدائی تین اوورز میں ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کیا مگر چوتھے اوور سے بلے بازوں نے محتاط انداز اختیار کیا۔

بھارت کی پہلی وکٹ 45 کے مجموعی اسکور پر گری، آؤٹ ہونے والے کھلاڑی روہت شرما نے جنہوں نے 23 رنز بنائے۔ ون ڈاؤن آنے والے امباتی ریڈو نے دھون کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 116 رنز کی شراکت داری کی۔

ریڈو 60 کے انفرادی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے پھر دنیش کارتھک نے وکٹ سنبھالی اور اپنے 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، وکٹ کیپر اور سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

دھون نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 127 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ہانگ کانگ کے گیند باز کنچٹ شاہ 3 اور احسان خان 2 وکٹیں لے کر نمایاں باؤلر رہے۔

اسکواڈ بھارتی ٹیم

روہت شرما (کپتان)، شیکر دھون، امباتی ریدو، دنیش کارتھک، کیدر جادیو، مہندرا سنگھ دھونی، بھونیشور کمار، شردل ٹھاکر، خلیل احمد، یزوندرا چاہل اور کلدیپ

واضح رہے کہ ہانگ کانگ کی ٹیم آج اپنا دوسرا میچ کھیل رہی ہے، قبل ازیں اُسے پہلے میچ میں  پاکستان کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2018 کا بڑا اَپ سیٹ، افغانستان نے سری لنکا کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

خیال رہے کہ ایشیا کپ کے آغاز پر ہی بڑا اپ سیٹ دیکھنے کو ملا تھا کہ جب بنگلا دیش کے ہاتھوں سری لنکا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف افغانستان کی جیت کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اپ سیٹ قرار دیا جارہا ہے۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں