لاہور: سری لنکا میں شدید بارشوں کے باعث ایشیا کپ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ سے رابطہ کیا ہے۔
چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے جے شاہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں مزید بارشوں کا امکان ہے، انہوں نے ایشیا کپ کے میچز پاکستان میں کروانے کی تجویز دی ہے۔
ذکا اشرف نے جے شاہ کو تجویز دی کہ پاک بھارت میچز دبئی میں بھی کھیلے جاسکتے ہیں، ایشیا کپ بڑا ٹورنامنٹ ہے بارش کی وجہ سے اس کو متاثر نہ کیا جائے۔ جے شاہ کا ذکا اشرف کو جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم صورتحال پر غور کرلیتے ہیں۔
دوسری جانب واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کا تین رکنی وفد آج پاکستان پہنچے گا، پی سی بی حکام کے ساتھ باہمی دلچسپی کے ا مور پربات چیت کی جائے گی، اہم فیصلے ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
وفد آج صدر بی سی سی آئی راجر بنی کی قیادت میں دوپہر میں واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچ جائے گا، نائب صدر راجیو شکلا بھی ساتھ ہوں گے، بھارتی کرکٹ بورڈ کا وفد قذافی اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے ساتھ گورنر ہاؤس پنجاب کے ڈنر میں بھی شرکت کرے گا۔
ادھرایشین کرکٹ کونسل شدید بارشوں کے باعث پریشانی کا شکار ہے، کولمبو میں شیڈول میچز کا وینیو تبدیل کرنے پر سوچ بچار کی جارہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اے سی سی ممبر بورڈز کا اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، فائنل سمیت سپرفور مرحلے کے میچز پالی کیلے میں کرائے جا سکتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دمبولا میں میچز کرنے پر اب تک اتفاق نہیں ہوسکا ہے، اے سی سی اگلے چوبیس سے اڑتالیس گھنٹے میں اہم فیصلہ کرے گا۔ کولمبو میں فائنل سمیت ایونٹ کے چھے میچز شیڈول ہیں۔ سپرفور مرحلے میں پاک بھارت مقابلہ بھی کولمبو میں ہی منعقد ہوگا۔