کراچی (25 ستمبر 2025): ابھیشیک شرما نے بھارت کو دو آئی سی سی ٹرافی جتوانے والے سابق کپتان روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
یو اے ای میں کھیلے جا رہے ایشیا کپ کے ٹاپ اسکورر اور سپر فور مرحلے میں مسلسل دو نصف سنچریاں بنا کر مین آف دی میچز رہنے والے بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما نے ایک سال میں دو آئی سی سی ٹرافیاں جیتنے والے سابق بھارتی کپتان روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ان کے ریکارڈ پر قبضہ جما لیا ہے۔
صرف 22 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے بھارتی جارح مزاح اوپنر نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بنگلہ دیش کے خلاف 37 گیندوں پر 75 رنز کی طوفانی اننگ کھیلی۔ اس کے ساتھ ہی وہ ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
ابھیشیک شرما ٹی 20 انٹرنیشنل میں 200 یا اس سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔
وہ اپنے مختصر کیریئر میں چار بار یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ اس سے قبل سابق بھارتی کپتان روہت شرما 200 یا اس سے زائد اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 4 نصف سنچریاں بنا کر ٹاپ پوزیشن پر تھے۔ تاہم میچز کے حساب سے جونیئر شرما پہلی پوزیشن پر براجمان ہو گئے ہیں۔
ابھیشیک شرما نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں ہی روایتی حریف پاکستان کے خلاف 47 گیندوں پر 74 رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
واضح رہے کہ ابھیشیک شرما ایشیا کپ کے پانچ میچز میں 49.60 کی اوسط سے 248 رنز بنا رکھے ہیں۔ جب کہ 22 میچز پر مشتمل اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں وہ دو سنچریوں اور چار نصف سنچریوں کی مدد سے 783 رنز بنا چکے ہیں۔
صائم ایوب نے بابر اعظم اور شاہد آفریدی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا


