دبئی(29 ستمبر 2025): پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ 2025 کی میچ فیس بھارتی حملے میں شہید ہونے والوں کے نام کردیا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ فائنل میں بھارت کے خلاف میچ کی تمام فیس 7 مئی کو بھارت کے حملے میں شہید ہونے والے شہریوں کی یاد میں وقف کر دی۔
اتوار کو دبئی میں کھیلا گیا فائنل میچ ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت نے جیت لیا، بھارت نے آخری اوور میں پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود بھارتی ٹیم اس وقت تنازع کا شکار ہو گئی جب اس نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل چیئرمین محسن نقوی اپنے موقف پر ڈٹ گئے، اور بھارتی ٹیم کو بالآخر ٹرافی کے بغیر میدان چھوڑنا پڑا۔
اس سے قبل ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی کپتان سوریہ کمار یادیو کو پریس کانفرنس میں سیاسی بیانات دینے پر جرمانہ کیا گیا تھا، فائنل کے بعد سوریا نے اعلان کیا کہ ان کی ٹیم کی میچ فیس بھارتی فوج کو عطیہ کی جائے گی۔
جواب میں، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا، جس میں اعلان کیا گیا کہ قومی ٹیم فائنل کی میچ فیس 7 مئی کے حملے میں شہید ہونے والے بچوں اور شہریوں کے نام وقف کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال 7 مئی کو بھارت نے پاکستان پر میزائل حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید ہوئے، پاکستان نے اس حملے کا بھرپور جواب دیا، سات بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا اور کئی ایئر بیسز کو تباہ کر دیا۔
The Pakistan Cricket Team has dedicated its Asia Cup final match fees to the innocent victims martyred in the May 7 attack, in which civilians, including children, lost their lives. Our thoughts and prayers are with their families.
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 28, 2025
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


