(29 ستمبر 2025): کرکٹ کے کھیل کو سیاست سے آلودہ کرنے پر خود بھارت میں مودی کے خلاف آوازیں تیزی سے بلند ہونے لگی ہیں۔
بھارت جو ہمیشہ کھیل میں سیاست گھسیٹ لاتا ہے۔ خاص طور پر اگر بات ہو پاکستان کی تو وہ ہر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آتا ہے۔
اس بار مودی سرکار نے ایشیا کپ میں اپنی ذہنی تنزلی کی انتہا کرتے ہوئے وہ کام کیے کہ جنٹلمین کہلانے والے اس کھیل کی روح کچل دی اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو پیروں تلے روند کر دنیا کو اپنا مکروہ چہرہ پھر دکھا دیا۔
معرکہ حق میں شرمناک شکست کے بعد دنیا بھر میں رسوا ہندو انتہا پسند مودی سرکار نے اس بار اپنا شکار ایشیا کپ کو بنایا۔ ایونٹ سے قبل ہر طرح کے ہتھکنڈے آزمانے کے باوجود اپنی سازشوں میں ناکامی پر پہلے بھارتی کھلاڑیوں کو پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے منع کیا۔
صرف یہی نہیں بلکہ ایشیا کپ جیتنے پر پاکستان کے محسن نقوی جو اس وقت اے سی سی کے صدر بھی ہیں۔ ان سے ٹرافی لینے سے انکار بھی کر دیا۔ یوں کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار کوئی ٹیم جیت کے باوجود خالی ہاتھ میدان سے لوٹی۔
مودی سرکار کی کھیل سے کھلواڑ کی اس پالیسی پر اب بھارتی سیاستدان بھی آوازیں اٹھا رہے ہیں۔ ششی تھرور کے بعد اب عام آدمی پارٹی نے بھی مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
عام آدمی پارٹی دہلی کے صدر سوربھ بھردواج نے مودی حکومت کو اس سارے ڈرامے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اے سی سی کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی نہ لے کر بھارت کے عوام کو بے وقوف بنایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے آغاز سے قبل بھارتی کپتان سوریا کمار اسی محسن نقوی سے ملے اور ہاتھ بھی ملایا۔ پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کے ساتھ بھی ہنس کر مصافحہ کیا۔
ششی تھرور نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے پر اپنی ہی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لے لیا
سوربھ بھردواج کا کہنا تھا کہ اس کے بعد بے جی پی نے اسکرپٹ بدلا اور ہاتھ نہ ملانے اور ٹرافی نہ لینے کا ڈراما رچا کر پوری قوم کی آنکھوں میں مرچیں جھونکنے کی کوشش کی، لیکن اب بھارتی عوام مودی کی چالوں کو سمجھ چکے ہیں۔
بھارتی کرکٹرز کی بد حواسیاں، خیالی ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن اور سیلفیاں


