(26 ستمبر 2025): سابق بھارتی وزیر ششی تھرور نے کرکٹ میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے پر اپنی ہی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
یو اے ای میں کھیلا جا رہا ایشیا کپ اختتام کی جانب گامزن ہے۔ آج سپر فور مرحلے کا آخری میچ بھارت اور سری لنکا کے درمیان رسمی طور پر کھیلا جائے گا جب کہ اتوار کو فائنل کا میلہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان سجے گا۔
تاہم یہ ٹورنامنٹ بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے پر تنازع کھڑا کرنے کے باعث شائقین کرکٹ کے ذہنوں میں تلخ یاد بن کر تازہ رہے گا۔
رواں ایونٹ میں بھارتی ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادیو نے دونوں میچز میں پاکستانی ہم منصب سلمان علی آغا سے ٹاس کے وقت ہاتھ نہ ملایا جب کہ بلیو شرٹس ٹیم کے کھلاڑی بھی میچ کے بعد اپنے کپتان کی پیروی کرتے ہوئے میدان سے چلے گئے تھے۔
بلیو شرٹس کی اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی اقدام پر نہ صرف پاکستان اور دنیائے کرکٹ بلکہ اب بھارت میں بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ ان میں ہی ایک بھارت کے معروف کانگریسی رہنما اور سابق وزیر ششی تھرور بھی شامل ہیں، جنہوں نے نو ہینڈ شیک ایشو بنا کر بھارت کا دنیا بھر میں تماشہ بنانے پر اپنی ہی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ششی تھرور نے اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اگر ہم پاکستان کے بارے میں اتنا شدت سے محسوس کرتے ہیں، تو ہمیں کھیلنا ہی نہیں چاہیے تھا اور اگر ہم کھیل رہے ہیں تو ہمیں کھیل کے جذبے سے کھیلنا چاہیے۔
سابق بھارتی وزیر نے کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جب کارگل جنگ کے دوران ہم نے برطانیہ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں پاکستانی
کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے تھے، تو اب ایسا کیوں ہے؟ بھارتی ٹیم کو پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانا چاہیے تھا۔


