شارجہ: افغانستان نے ایشیا کپ کے اہم ترین میچ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد بنگال ٹائیگرز کو سات وکٹوں سے ہراتے ہوئے سپر فور مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان نے 128 رنز کا ہدف ابراہیم زدران کے 42 اورنجیب اللہ زدران کے 43 رنز کی بدولت نو گیندوں قبل حاصل کرلیا۔
نجیب اللہ زردان نے 17 گیندوں پر 43 رنز کی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے افغان ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، افغان بیٹر کی دلکش اننگز میں 6 بلند وبالا چھکے بھی شامل تھے۔ افغانستان کی جانب سے حضرت اللہ زازئی 23، رحمان اللہ گرباز 11 اور کپتان محمد نبی 8 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ بنگلا دیش کی جانب سے شکیب الحسن، مصدق حسین اور محمد سیف الدین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اسی فتح کے ساتھ افغانستان ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی، افغان ٹیم نے اپنے دونوں گروپ میچوں میں کامیابی سمیٹی، اس سے قبل سری لنکا کو بھی افغان ٹیم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بلے بازی میں جوہر دکھانے سے قبل افغان کھلاڑیوں نے بنگلا دیش کے قدم مسدود کردئیے تھے اور وہ افغان اسپنرز کے سامنے بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔
بنگلہ دیش نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے تھے۔
افغان اسپنرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے بنگلہ دیش کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا, محمد نعیم 6، انعام الحق5، کپتان شکیب الحسن 11،عفیف حسین 12 ،مشفق الرحیم 1 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
میچ کے آخری لمحات میں آل راؤنڈر مصدق حسین نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے48 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، محمود اللہ نے بھی 25 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے کو 128 تک پہنچایا، افغانستان کی جانب سے اسپنرز راشد خان اور مجیب الرحمان نے 3 تین وکٹیں حاصل کیں۔
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے تیسرے میچ میں بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شکیب الحسن نے کہا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لئے سازگار لگ رہی ہے، عمدہ ٹوٹل بناتے ہوئے افغانستان کو مشکل ہدف دینے کی کوشش کرینگے۔
افغان کپتان محمد نبی کا کہنا تھا کہ پچ فریش لگ رہی ہے ہوسکتا ہے کہ تھوڑی سلو بھی ہو، ہم مخالف ٹیم کو عمدہ بولنگ کی مدد سے کم سے کم ٹوٹل پر آؤٹ کرنے کی کوشش کرینگے۔
افغانستان الیون :حضرت اللہ زازئی،رحمان اللہ گرباز،ابراہیم زدران، زدران،کریم جنت، محمد نبی (کپتان)،
راشد خان،عظمت اللہ عمرزئی،نوین الحق، مجیب الرحمان اور فضل حق فاروقی۔بنگلہ دیش الیون: محمد نعیم، انعام الحق،شکیب الحسن (کپتان)،عفیف حسین،مشفق الرحیم،محمود اللہ،مصدق حسین،مہدی حسن،محمد سیف الدین،تسکین احمد اور مستفیض الرحمان۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں دونوں ٹیموں کا موازنہ کیا جائے تو دونوں ٹیمیں اب تک 8 بار مدمقابل ہوئیں، افغانستان نے 5 بار کامیابی حاصل کی جبکہ بنگلہ دیش کے حصے میں 3 بار فتح آئی۔