پاکستان نےافغانستان کوسنسنی خیزمقابلے کے بعد شکست دیدی

ابوظہبی: ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے پہلے میچ پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے شعیب ملک کی شاندار بیٹنگ کی بدولت افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی، شعیب ملک نے آخری اوور میں ایک چھکا اور چوکا لگا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، شعیب ملک 51 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق اور بابر اعظم نے نصف سنچریاں اسکور کیں، بابر اعظم نے 66 اور امام الحق نے 80 رنز بنائے، دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، کپتان سرفراز احمد صرف 8 رنز بناکر کلین بولڈ ہوگئے۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مجیب الرحمان نے دو اور گلبدین نائب نے ایک وکٹ حاصل کی،
With a six and a four Shoaib Malik wins a last over thriller for Pakistan! #PAKvAFGhttps://t.co/HCvJUE7QQz #AsiaCup2018 pic.twitter.com/xnuAOLwVFK
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) September 21, 2018
افغانستان کے کپتان اصغر خان نے کہا کہ شعیب ملک کو چانس دینا مہنگا پڑا، اگر کیچ پکڑ لیتے تو میچ کا نتیجہ مختلف ہوتا، امام الحق اور بابر اعظم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
قبل ازیں ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 258 رنز کا ہدف دے دیا، حشمت اللہ شاہدی نے ناقابل شکست 97 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان اصغر افغان نے 67 رنز بنائے۔
افغانستان کے کپتان اصغر خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، افغانستان کے اوپنرز نے 26 رنز کا اسٹارٹ فراہم کیا، احسان اللہ 10 رنز بنا کر محمد نواز کو کیچ دے بیٹھے، دوسرے اوپنر شہزاد 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
رحمت اللہ کو محمد نواز نے آؤٹ کیا، محمد نبی اور نجیب اللہ زردان اننگز میں خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکے دونوں بالترتیب 7 اور 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
Innings Break – Afghanistan: 257/6 (50 ov). Live Updates: https://t.co/UuNbgO7MtR#PAKvAFG #AsiaCup2018 #HarSaansMeinBolo pic.twitter.com/B4AxZamLXS
— PCB Official (@TheRealPCB) September 21, 2018
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین، شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی ٹیم نے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کیچز ڈراپ کئے جس کے تحت افغانستان نے باآسانی 257 رنز کا مجموعہ اسکوربورڈ پر سجادیا۔
پاکستان ٹیم میں تین تبدیلیاں جبکہ افغانستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، پاکستان ٹیم میں محمد عامر، شاداب خان، اور فہیم اشرف کو ڈراپ کیا گیا ہے ان کی جگہ محمد نواز، حارث سہیل اور شاہین آفریدی کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
Playing XI of Pakistan for #PAKvAFG. Pakistan made three changes Haris Sohail and Mohammad Nawaz are back in the line up along with debutant Shaheen Afridi. Live Updates: https://t.co/UuNbgO7MtR #AsiaCup2018 #HarSaansMeinBolo pic.twitter.com/0HjL4UpPkU
— PCB Official (@TheRealPCB) September 21, 2018
کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے، کوشش کریں گے افغانستان کو کم اسکور پر آؤٹ کریں۔
افغانستان کی ٹیم ایشیا کپ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے، پہلے میچ میں افغانستان نے سری لنکا اور گزشتہ روز بنگلا دیش کو شکست دی تھی۔
قومی ٹیم سپر فور مرحلے کا اگلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 23 ستمبر کو کھیلے گی جبکہ افغانستان کو کل بنگلادیش کا چیلنج درپیش ہوگا۔