پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششیں رنگ لے آئیں اور ایشین کرکٹ کونسل نے پاک بھارت میچ بارش سے متاثر ہونے کی صورت میں ریزرو ڈے رکھنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشیا کپ کے فائنل سمیت 6 میچز کولمبو میں شیڈول ہیں لیکن سری لنکا کا دارالحکومت شدید بارشوں کی زد میں ہے جس کی وجہ سے میچز کا انعقاد خطرے میں پڑ چکا ہے۔ پاک بھارت میچ جس پر دنیا کی نظریں ہوتی ہیں پہلے ہی دو ستمبر کو بارش کی نذر ہوچکا ہے اور اب اتوار 10 ستمبر کو ہونے والے میچ میں بھی بارش کی دخل اندازی کا قوی امکان ہے۔
ایسے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں اور ایشین کرکٹ کونسل نے پاک بھارت ٹاکرا بارش سے متاثر ہونے کی صورت میں ریزرو ڈے کی حامی بھر لی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بارشوں کے تناظر میں کولمبو میں ایشیا کپ کے میچز کے انعقاد پر متعدد بار اعتراضات اٹھائے تھے اور بارش کی پیشگوئی اور ایونٹ کی ری شیڈولنگ کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
اتوار کو روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والا میچ اگر بارش سے متاثر ہوا تو یہ میچ اگلے روز 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ریزرو ڈے پر میچ وہیں سے شروع ہوگا جہاں پر 10 ستمبر کو روکا گیا ہوگا۔
بارش کے باعث اگر میچ 11 ستمبر کو ہوتا ہے تو پھر بھارت کو بیک ٹو بیک میچ کھیلنا ہوں گے کیونکہ اس کا اگلا میچ سری لنکا کے خلاف 12 ستمبر کو شیڈول ہے۔
’’لگتا ہے اب ٹیموں کے درمیان تیراکی کا ہی مقابلہ ہوگا‘‘ سابق بھارتی کھلاڑی بھی جے شاہ پر برہم
پی سی بی کے اعتراضات اور تحفظات پر ایشین کرکٹ کونسل نے اس میچ کے لیے ریزرو ڈے کا فیصلہ کیا ہے۔