کراچی (22 اکتوبر 2025): بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور اس نے ایک بار پھر اے سی سی صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا۔
بھارت ایشیا کپ کی ٹرافی لینے کے لیے بے قرار بھی ہے اور میں نہ مانوں کی گردان بھی کر رہا ہے۔ بی سی سی آئی نے اے سی سی کے صدر محسن نقوی کی جانب سے 10 نومبر کو تقریب میں ٹرافی دینے کی پیشکش کی، لیکن ایک بار پھر سیاسی بلی تھیلے سے باہر آ گئی۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سیکیا نے ایک بار پھر ایشیا کپ کی ٹرافی مانگتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل کو خط لکھا ہے۔ اس خط میں انہوں نے اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہتے ہوئے اے سی سی کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کرتے ہوئے ایشیا کپ کی ٹرافی بھارت بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک بز کے مطابق سیکریٹری بھارتی بورڈ نے میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ٹرافی کے لیے ایشین کرکٹ کونسل کو خط لکھا ہے تاہم اگر ٹرافی نہ ملی تو وہ یہ معاملہ آئی سی سی میں اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی۔ تاہم بھارتی کپتان سمیت پوری ٹیم میدان میں بیٹھی رہی اور اے سی سی کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے صرف اس وجہ سے انکار کر دیا کہ ان کا تعلق پاکستان سے ہے۔
محسن نقوی بھی ٹرافی ایشین کرکٹ کونسل کے دفتر لے گئے اور کہا کہ اگر ٹرافی چاہیے تو بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو میرے دفتر آ کر ٹرافی لے جائیں۔
گزشتہ روز بھی ایشین کرکٹ کونسل نے بھارت کو پیشکش کی کہ 10 نومبر کو ہونے والی تقریب میں بی سی سی کے چیئرمین اور ٹیم کے کپتان آکر ٹرافی وصول کر لیں۔
ایشیا کپ ٹرافی چاہیے تو۔۔۔ محسن نقوی کا بھارتی بورڈ کو دو ٹوک جواب


