ایشیائی چیمپیئنز لیگ کے میچز کے لیے کرسٹیانو رونالڈو، نیمار، کریم بینزیما اور ان کے سعودی عرب کے فٹ بال کلب اس سیزن میں ایران کا رخ کریں گے۔
سعودی عرب اور ایران کی فٹ بال فیڈریشنز کے درمیان ہونے والے اس ضمن میں اہم ’سنگِ میل کی ایشیائی فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے اہمیت کے حامل معاہدے‘ کی تعریف کی ہے۔
اس معاہدے کے بعد دونوں ممالک کی ٹیمیں کوئی غیرجانبدار میدان تلاش کرنے کے بجائے اندرون ملک اور بیرون ملک میچوں میں ایک دوسرے کی میزبانی کے فرائض سر انجام دے سکتے ہیں۔
دنیائے فٹبال کے اسٹار رونالڈو کی ٹیم النصر 19 ستمبر کو تہران میں پرسیپولیس کلب کے خلاف میچ کھیلے گی۔ واپسی کا میچ 27 نومبر کو الریاض میں کھیلا جائے گا۔
ایشیائی چیمپئنز لیگ میں 2015 میں آخری مرتبہ سعودی اور ایرانی ٹیمیں گروپ مرحلے یا ناک آؤٹ مرحلے میں اپنے اپنے ملک میں ایک دوسرے کے مدمقابل زور آزمائی کریں گی۔
واضح رہے کہ رواں سال چین کی ثالثی کی بدولت دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری نظر آرہی ہے، اسی سلسلے کی ایک کڑی ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے گذشتہ ماہ سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا تھا۔
کسی ایرانی وزیرخارجہ کا گذشتہ آٹھ سال میں اس طرح کا یہ پہلا دورہ تھا۔دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ ایک دوسرے سے گرمجوشی سے ملے تھے اور تعلقات میں مزید بہتری کے عزم کا اعادہ کیا تھا، جو نیک شگون ہے۔
یاد رہے کہ مردوں کی قومی ٹیم کی سطح پر سعودی عرب اور ایران آخری بار 2012 میں مدمقابل آئے تھے۔