اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کردیا ، اے ڈی بی کی معاونت سےنجی شعبے کی انشورنس مارکیٹ میں شمولیت کو فروغ ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے انشورنس کے شعبے میں جدید اصلاحات متعارف کرانے اور اسے مستحکم بنانے کے لیے 70 کروڑ ڈالر (700 ملین ڈالر) کے خطیر قرض کی منظوری دے دی۔
بینک کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد ملک میں انشورنس کوریج کے دائرہ کار میں اضافہ کرنا اور مالی تحفظ کے خلا کو کم کرنا ہے۔
ان اصلاحات کے تحت پاکستان کے روایتی انشورنس شعبے کو جدید اور رسک بیسڈ سپروائزری نظام میں تبدیل کرنے کے کام کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے۔
اے ڈی بی کی اس مالی و تکنیکی معاونت سے نجی شعبے کی انشورنس مارکیٹ میں شمولیت کو فروغ ملے گا، جس سے گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ کاروباری اداروں اور تاجروں کے مالی تحفظ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس پروگرام کے تحت انشورنس سیکٹر میں صحت مند مسابقت ، شمولیت اور طویل مدتی پائیداری کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام پاکستان کی انشورنس مارکیٹ کو جدید خطوط پر استوار کر کے ملک میں سرمایہ کاری کے نئے اور شاندار مواقع پیدا کرے گا، جس سے طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے مقامی سرمائے کو متحرک کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔
پاکستان کے لیے اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یہ پروگرام پاکستان کی انشورنس مارکیٹ کو مزید فعال اور مضبوط بنائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشورنس کے شعبے کی بہتری اور اس میں اصلاحات سے ملک میں پائیدار معاشی ترقی اور مجموعی مالی استحکام کو زبردست تقویت ملے گی۔


