اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر خام تیل اور خوراک کی قیمتوں میں کمی کے باعث مہنگائی میں کمی متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ایشین ڈیولپمنٹ آؤٹ لک سپلیمنٹ جاری کردیا گیا، ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا کی معاشی ترقی کی شرح بہتر رہے گی، معاشی شرح نمو سنہ 2019 میں 6.6 جبکہ 2020 میں 6.7 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.3 فیصد رہی، 3.3 فیصد شرح 8 سال میں کم ترین شرح نمو رہی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ جاری اور تجارتی خسارہ پاکستانی معیشت کے اہم مسائل ہیں، ایشیائی ترقیاتی بینک نے جنوبی ایشیا کے لیے افراط زر میں کمی کی پیشگوئی بھی کی ہے۔
بینک کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال پاکستان میں مہنگائی میں اضافے کی شرح دگنی ہوگئی، عالمی سطح پر خام تیل اور خوراک کی قیمتوں میں کمی کے باعث مہنگائی میں کمی متوقع ہے۔
اس سے قبل ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان سے متعلق فیکٹس شیٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور دیگر منصوبے معیشت میں بہتری کی وجہ بنیں گے، اے ڈی بی ایگزیم بینک کے قیام میں مدد فراہم کرے گا۔
اےٖ ڈی بی کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ ذخائر میں کمی اور قرضوں کی واپسی پر بھی نظر رکھنی ہوگی۔ انتظام میں بہتری، برآمدات میں اضافہ اور اداروں کو مستحکم کرنا ہوگا۔