نوڈیرو : پیپلز پارٹی کی سی ای سی میٹنگ میں آصف علی زرداری کو پیپلز پارٹی پارلیمٹرینز کا صدر منتخب کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نوڈیرو میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں بھٹو شہید، بے نظیر بھٹو شہید اور امین فہیم سمیت پارٹی کے دیگر شہداء اور مرحوم رہنماؤں اور کارکنوں کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی خدمات کو سراہا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی پارلیمٹرینز کے صدر کے طور پر آصف علی زرداری کومنتخب کرلیا گیا ہے۔
یہ عہدہ مخدوم امین فہیم کے انتقال کے بعد خالی ہوا تھا۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ سندھ سے زیادتی وفاق کو کمزور کرے گی۔
پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سندھ آپریشن کے کپتان وزیراعلیٰ سندھ ہیں انہوں نے رینجرز اختیارات کے معاملے کو ایمرجنسی پلس قرار دیا۔