لاہور: سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو طبیعت ایک بار پھر ناساز ہونے پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اور امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق میں آج شام 7 بجے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں ملاقات تھی تاہم آصف علی زرداری کی طبیعت ناساز ہونے پر ملاقات کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری ناسازی طبیعت کے باعث سراج الحق سے ملاقات کے لیے نہیں جاسکیں گے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کا نیا شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ آصف علی زرداری اور سراج الحق کے درمیان آج ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا۔ سراج الحق نے آصف علی زرداری کی طبیعت کے بارے میں دریافت کیا تھا۔ رابطے میں ملکی سیاسی صورتِ حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ ملاقات کا مقصدر حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے سراج الحق کو اعتماد میں لینا تھا۔
یہ بھی یاد رہے کہ اب سے کچھ روز قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آصف علی زرداری کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔
دوسری جانب سے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کردیا ہے۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔