اسلام آباد : احتساب عدالت نے پارک لین اورٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری پر فرد جرم عائد کردی تاہم سابق صدر نے صحت جرم سے انکار کیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پارک لین اورٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس پر سماعت ہوئی ، اسماعت کے آغاز پر ریفرنس میں شریک ملزمان نے حاضری لگائی۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور ریفرنس میں شریک ملزم شیر علی عدالت میں پیش ہوئے ، جج اعظم خان نے ملزم شیر علی سے استفسار کیا آپ کہاں تھے کیوں پیش نہیں ہو رہے تھے ، جس پر شیر علی نے بتایا کہ میں بیمار تھا اس لیے پیش نہیں ہو سکا۔
جس کے بعد احتساب عدالت نے پارک لین اورٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنسز میں بھی آصف زرداری پر فرد جرم عائد کردی ، تاہم سابق صدر نے صحت جرم سے انکار کیا۔
فرد جرم عائد کرنے کے بعد عدالت نے فرد جرم کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کردی۔
عدالت نے پارک لین ریفرنس میں نیب کو بیس اکتوبرمیں گواہ پیش کرنے اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں نیب کو اکیس اکتوبر میں گواہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
ٹھٹھہ واٹرسپلائی ضمنی ریفرنس میں گواہ عمران محمود،علی رضا،طارق منیرپیش کیے جائیں گے،پارک لین ریفرنس میں نبیل ظہور،احسن اسلم اور عبدالقبیر نیب کی جانب سے گواہان پیش کیے جائیں گے۔