دبئی : سابق صدر آصف علی زرداری نے حکومت کا کسان پیکیج مسترد کر دیا۔
حکومت سے مفاہمت ختم کرنے والے آصف علی زرداری کو حکمرانوں کا پیکج پسند نہ آیا، انکا کہنا ہے کہ کسان پیکج کا اعلان سیاسی شعبدہ بازی ہے، نام نہاد ریلیف پیکج بہت دیر کے بعد آیا اور یہ بہت چھوٹا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ حکومت نے جان بوجھ کر کسانوں کو کمزور کرنے کی کوشش کی، کسانوں کو بہتر پیکج نہ دیا گیا تو ملک کو نقصان ہوگا، ساتھ ساتھ آصف زرداری نے میٹرو بس منصوبےکو نمائشی قرا ر دے کر صوبائی خود مختاری کی خلاف ورزی کا طعنہ بھی دے ڈالا۔
سابق صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدور اور کسان طبقہ کیلئے آواز بلند کی جبکہ اپنے دور میں ان کی خوشحالی کیلئے بہت کام کیے، موجودہ حکومت سے کوئی بھی خوش نہیں ، ابتک اقدامات کیے ہوتے تو ان کے نتائج آنا شروع ہو جاتے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیرِاعظم نے کسانوں اور زرعی شعبے کیلئے تین سو اکتالیس ارب روپے کے مراعاتی پیکج کا اعلان کیا تھا، وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ کسان کی خوشحالی سے ملک کی خوشحالی وابستہ ہے، یہ پیکج حکومت کا فرض ہے کسانوں پر کوئی احسان نہیں۔