کراچی : آصف زرداری اور فریال تالپور نے عمران خان کو ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا، پی پی رہنماؤں نے حیدرآباد جلسے میں بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر پچاس کروڑ روپے ہرجانہ کا نوٹس دیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں حیدرآباد میں ہونے والے تحریک انصاف کے جلسے میں خطاب کے دوران چیئرمین عمران خان کی جانب سے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور پر کرپشن کے الزامات اور ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
جس پر پیپلز پارٹی بھی خم ٹھونک کر عمران خان کے خلاف میدان میں نکل آئی، آصف علی زرداری اور ان کی بہن ممبر قومی اسمبلی فریال تالپور نے عمران خان کیخلاف 50کروڑ روپے ہرجانےکا نوٹس بھجوا دیا۔
مذکورہ نوٹس پی پی کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی جانب سےبھیجاگیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نیازی14روز میں پیپلز پارٹی کی قیادت سے غیر مشروط طور پر معافی مانگیں ورنہ وہ ہرجانے کے طور پر50کروڑ روپے ادا کریں۔
مزید پڑھیں: کرپٹ زرداری کا وقت ختم ہونے والا ہے،عمران خان
یاد رہے کہ عمران خان نے حیدرآباد جلسے میں اپنے خطاب میں کہا تھا کہ جو سندھ کی بیماری ہے وہ آصف زرداری ہے، زرداری کے پاس ایک لاکھ ایکڑ زمین،19شوگر ملز، لندن، پیرس اور امریکا میں ہوٹل اور محل ہیں، یہ شخص بھی نواز شریف کی طرح عوام کا پیسہ چوری کرکے باہر لے گیاہے۔
پاکستان کا پیسہ چوری کرنے والوں کو جیل میں ڈالنا ہے، عمران خان
ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں نے اپنے پیسے بنانے کے لیے قومی ادارے تباہ کیے۔ زرداری سنیما کے ٹکٹ بلیک میں فروخت کرتا تھا آج ارب پتی بن گیا۔
مزید پڑھیں: زرداری پر تنقید، پی پی کی خواتین کا عمران کے خلاف احتجاج
عمران خان کے اس خطاب کیخلاف پیپلز پارٹی سندھ کی رہنما شرمیلا فاروقی کی زیر قیادت کراچی پریس کلب کے باہر خواتین کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا۔