اسلام آباد : سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے شملہ سمجھوتے سے پاک بھارت کے درمیان جنگوں کو رُکوایا اور نیوکلیئر اور میزائل ٹیکنالوجی دے کر ملک کے دفاع کو مضبوط کیا.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے 50 ویں یوم تاسیس پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا، پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف زرداری نے کارکنوں اور تمام جمہوریت پسند عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن خوشیاں منانے اور اپنی غلطیوں کا تجزیہ کرنے اور پارٹی کی تنظیم نو کرنے کا دن ہے.
آصف زرداری نے کہا کہ عوام کی خدمات کے حوالے سے پارٹی اپنے ریکارڈ پر فخر کرتی ہے جس نے تین آمروں کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کو متفقہ آئین بھی دیا جب کہ شملہ سمجھوتہ اور پاک بھارت جنگ کے خاتمے کا سہرہ بھی پیپلز پارٹی کے سر جاتا ہے اسی طرح مسلم ممالک کو اجتماعی آواز دی اور 1971 میں بھی ہماری قیادت نے ہی گنوائی گئی زمین بھی وا گزار کرائی.
انہوں نے کہا کہ یہ پیپلز پارٹی کی حکومت تھی جس نے مشترکہ مفادات کونسل بنا کر صوبوں کو آواز دی اور پاکستانی معاشرے میں محکوم طبقے خواتین، محنت کشوں، کسانوں اور پسے ہوئے طبقات کو بااختیار بنایا اور پی پی نے ہی حبس بےجا کے قانون کو متعارف کرا کر بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ کیا.
آصف زرداری نے کہا کہ پارٹی کے ریکارڈ اور جمہوریت کے لئے جدوجہد کا کوئی ثانی نہیں ہے جوہمیشہ جوڑ توڑ سے سیاسی تبدیلی کی مخالفت اور سیاسی انجینئرنگ، مذہبی و نسل پرستی تھوپنے کی کوششوں کی مخالفت کرتی آئی ہے جس کا ماننا ہے کہ سیاسی تبدیلی آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے ہی آنی چاہیے.
اپنے پیغام میں کارکنوں کو پی پی کا امید اور ظلم وجبر سے نجات کا پیغام پھیلانے کی ہدایت کرتے ہوئے آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ کارکنان خاموش اور مایوس عوام کو روشن صبح کی نوید سنائیں اور جمہوریت کے فروغ اور بھٹو کے نظریے کی ترویج میں دن رات ایک کردیں.