کراچی: سابق صدر آصف زرداری نے ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کو بغیر سیکیورٹی گھر سے نہ نکلنے کی ہدایت کردی۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے ارباب چانڈیو کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پارٹی رہنما شہلا رضا کو بغیر سیکیورٹی نقل و حرکت نہ کرنے کی ہدایت کی ہے، یہ ہدایت انہوں نے اس لیے دی ہے کہ شہلا رضا کو سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں انہیں پہلے بھی دھمکیاں ملتی رہی ہیں تاہم شہلا رضا جھنگ میں بغیر سیکیورٹی کے نکلی تھیں جس پر آصف زرداری نے انہیں سیکیورٹی ساتھ رکھنے کی ہدایت دی۔
آصف زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارٹی کے ہر ورکر کی صحت اور سیکیورٹی پارٹی کے لیے انتہائی اہم ہے اس لیے پارٹی اس معاملے کا بھی خیال رکھتی ہے خود ورکر اور رہنما بھی اپنی سیکیورٹی کا خیال رکھیں۔
ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کو دھمکی آمیز خط موصول
واضح رہے کہ ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کو کچھ دن قبل بھی ایک نامعلوم بھتہ خور نے فون کرکے جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی اور کہا تھا کہ آپ کس طرح مرنا پسند کریں گی۔
اطلاعات کے مطابق ان سے بھتہ مانگا گیا تھا، انہیں دھمکی آمیز خط راولپنڈی کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن سے موصول ہوا، خط میں ان سے 50 کروڑ روپے کا بھتہ طلب کیا گیا اور نہ دینے کی صورت میں سندھ اسمبلی کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی جس پر سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے اسمبلی کی بلڈنگ اور شہلا رضا کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کی تھی