کراچی : پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مائیں، بہنیں، اور بیٹیاں سانجھی ہوتی ہیں، چادر اور چار دیواری کو صرف بزدل پامال کرتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے نیب ٹیم کی جانب سے شہبازشریف کی صاحبزادی کو نوٹس دینے کیلئے ان کے گھر جانے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہی۔
آصف زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعظم میں حوصلہ نہیں کہ سیاسی میدان میں ہمارا مقابلہ کریں، بہادر لوگ اداروں کے پیچھے چھپ کر وار نہیں کرتے، عمران خان نے سیاست کو تنگ نظری سے آلودہ کردیا ہے۔
یاد رہے کہ آج نیب کی ٹیم نوٹس کی وصولی کے لیے شبہاز شریف کی بیٹی کے گھر پہنچی تھی، البتہ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کے بیان کے بعد صورت حال گمبھیر ہوگئی۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ نیب کی ٹیم نے پولیس کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کی صاحب زادی کے گھر کا محاصرہ کر لیا ہے۔
جواب میں نیب حکام نے موقف اختیار کیا کہ سابق وزیراطلاعات نے میڈیا سے غلط بیانی کی، شہباز شریف کی بیٹی کے گھرچھاپہ نہیں مارا گیا نیب ٹیم نوٹس وصول کرانے گئی تھی۔