کراچی : پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں کوئی جماعت واضح اکثریت حاصل نہیں کرسکے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں افطار عشائیے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، آصف زرداری نے کہا کہ نوابشاہ کے لوگ چاہتے ہیں میں ان کی نمائندگی کروں۔
میرا آبائی علاقہ بھی نوابشاہ ہے، لہٰذا آنے والے الیکشن میں نواب شاہ سے ایم این اے کیلئے الیکشن لڑوں گا، فی الحال کسی دوسری نشست سے الیکشن لڑنے کا ارادہ نہیں ہے، میں قومی اسمبلی جاکر اپنے حلقے کے عوام کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔
سابق صدر نے پی پی کارکنان کو الیکشن کی تیاریاں کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں کوئی جماعت واضح اکثریت حاصل نہیں کرسکے گی۔
انتخابات میں دوتہائی اکثریت ملنا عمران خان کا خواب ہی رہے گا، اس موقع پر آصف زرداری نے ارکان اسمبلی اور دیگر پارٹی رہنماﺅں سے ان کی نشستوں پر جا کر ملاقات کی۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اعلان کرچکے ہیں کہ وہ لاڑکانہ سے اپنی والدہ کی نشست این اے دو سو سات سے الیکشن لڑینگے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔