تازہ ترین

آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کل جاری کردیے جائیں گے، فیصل واؤڈا

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واؤڈا نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کل جاری ہوجائیں گے، جمہوریت کو پروان چڑھانے کے لیے اپوزیشن کا مطالبہ پورا کررہے ہیں مگر حزب اختلاف کی جماعتیں خوش نہیں ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو پروان چڑھانے اور اسے مزید مضبوط کرنے کے لیے اپوزیشن کے مطالبے کو مان رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی خواہش پر آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کل جاری ہوجائیں گے البتہ حیران کن بات یہ ہے کہ پروڈکشن آرڈر جاری ہونے پر بھی اپوزیشن اب خوش نہیں ہے۔

یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے آصف زرداری سمیت دیگر اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: ایم کیوایم نے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کی حمایت کردی

اس ضمن میں آج ہونے والے اسمبلی اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ سیشن بہت اہم ہوتے ہیں معاشی فیصلے لیئے جاتے ہیں، سیشن ایک ہفتے سے زیادہ سے چل رہا ہے،اس ایوان کے چار نمائندوں کو بجٹ سیشن میں نہیں آنے دیا جا رہا۔ انہوں نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ خواجہ سعد رفیق، محسن داوڑ، علی وزیر اور سابق صدر آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ روز ایوان میں ایم کیو ایم کے اراکین نے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی حمایت کرتے ہوئے بلاول بھٹو سے ملاقات بھی کیا تھی، بعد ازاں ایم کیو ایم پاکستان کے رکن امین الحق نے اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے تین نکات بیان کیے تھے جس میں اُن کا کہنا تھا کہ پروڈکشن آرڈر جمہوریت کے فروغ، ایوان کی تاریخ اور سیاستدان کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیے جائیں۔

Comments

- Advertisement -