کراچی: آصف علی زرداری کا کہنا ہے، مذہب کے نام پر خواتین کو دبایا جا رہا ہے، جاہلوں کی جانب سے مذہب کے نام پر خواتین پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔
شہید بے نظیر کی سالگرہ کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ کچھ لوگ خواتین کے خلاف تشدد کی ترغیب دے رہے ہیں، پیپلز پارٹی اسکی مذمت کر تی ہے، خواتین کے خلاف اس ذہنیت سے لڑنے کیلئے تیار ہے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا جاہلوں کی جانب سے مذہب کے نام پر خواتین پر تشدد کا قطعی طور پر مسترد کرتے ہیں، پارٹی عہد کرتی ہےکہ اس قسم کی ذہنیت سے آ خری وقت تک لڑتی رہے گی، شہید محترمہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام شدت پسندوں کے خلاف کھڑے ہو جائیں، عوام طاقت کے بل بوتے پر اپنے نظریات مسلط کرنے کی اجازت نہ دیں۔
دوسری جانب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 63ویں سالگرہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارٹی کے دوسرے رہنماوٴں کے ساتھ آزاد کشمیر کے شہر بھمبر میں کشمیریوں کے ساتھ منائیں گے۔
کیک کاٹنے کی تقریب بھمبر کے نزد برنالا ہائی اسکول گراوٴنڈ میں ہوگی،اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی صدر ایم این اے فریال تالپر، آزاد کشمیر کے صدر سردار یعقوب خان ، آزاد کشمیر کے وزیراعظم چودھری عبدالمجیداور دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر ہاوٴسنگ و فزیکل پلاننگ چودھری پرویز اشرف کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔