تازہ ترین

سیاسی اداکاروں کے ذہن میں فتور ہے کہ میں بھاگ گیا ہوں، ہم نے یہیں دفن ہونا ہے، آصف علی زرداری

کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری ڈیڑھ سال بعد دبئی سے کراچی پہنچ گئے ہیں، آصف علی زرداری نے آتے ہی جئے بھٹو اور پاکستان کھپے کا نعرہ لگادیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری ڈیڑھ سال بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں،  سابق صدر کا طیارہ کراچی ایئرپورٹ میں اترا تو وزیراعلی سندھ سمیت پیپلزپارٹی کی اعلی قیادت نے ان کا استقبال کیا، سابق صدر نے فردََا فردََا تمام رہنماؤں سے ہاتھ ملایا۔

آصف زرداری نے رہنماؤں کے ساتھ ایئرپورٹ کےلاؤنج میں ہی بیٹھک لگالی، سابق صدر ائیر پورٹ پر ہی مراد علی شاہ سے گفتگو کرتے نظر آئے، اس موقع پر سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ ، سندھ کابینہ کے اراکین موجود تھے۔

1

3

پیپلز پارٹی کے شریک چئیر مین کو قرآن کے سائے میں دبئی سے رخصت کیا گیا، آصف زرداری نے کراچی پرواز کیلئے طیارے کی نشست سنبھالی تو بلاول بھٹو ٹویٹر پر نعرہ زرداری لگاتے ہوئے رائے ونڈ والوں کو ہوشیار کردیا۔

سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے شہر کراچی میں 5 ہزار 7 سو کے قریب اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ پولیس سمیت اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی سیکیورٹی پر مامور ہیں، اولڈ ٹرمینل میں داخل ہونے کے لیے 10 واک تھرو گیٹ اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ جدید کیمروں والی موبائل وین جلسہ گاہ اوراطراف میں گشت کر رہی ہے۔

میں مایوسی کا پیغام نہیں لایا ، امید کا پیغام لایا ہوں

سابق صدر آصف علی زرداری نے آتے ہی جئے بھٹو اور پاکستان کھپے کا نعرہ لگادیا،اپنے خطاب میں آصف علی زرداری نے کارکنوں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور آمد اور شاندار استقبل آج بھی یاد ہے ، پاکستان میں لوگوں کو بڑی مایوسی ہے ، میں مایوسی کا پیغام نہیں لایا ، امید کا پیغام لایا ہوں۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ دنیا میں بہت کچھ ہورہا ہے، ہم کشمیر لے کر رہیں گے، کشمیر پاکستان بن کر رہے گا ، پاکستان میں آج جمہورہت چل رہی ہے ، اللہ کی طاقت اور مسلح افواج کی طاقت سے پاکستان مضبوط ہے ، سرحدوں پر مسئلے ضرور ہے۔

ہم کشمیر لے کر رہیں گے، کشمیر پاکستان بن کر رہے گا

پاکستان شر پسندوں کا ملک نہیں، پڑھے لکھے پنجاب سے کہتا ہوں کہ دیکھیں سوشل میڈیا کیا کہہ رہا ہے ، اب دنیا ایک کیمرے میں آچکی ہے ، اب دنیا سوشل میڈیا پر آگئی ہے، آنے والے وقت میں ٹی وی کی اہمیت بھی ختم ہو جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ اس سے فرق نہیں پڑتا کرسی پرآج کون ہے اور کل کون ہوگا ، پاکستان پیپلز پارٹی ایک بار پھر حکومت میں آئے گی، سی پیک ان کی سوچ سے بڑی ہے یہ لوگ ٹھیکوں پر لگے ہوئے ہیں، سی پیک کا تصور جس نے بنا کر دیا اس سے نہیں پوچھا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی ایک بار پھر حکومت میں آئے گی

بے نظیر بھٹو کو یاد کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بی بی کا نظریہ امر ہے اسے کوئی مٹا نہیں سکتا، محترمہ کی شہادت پر بھی جمہوریت کھپے کا نعرہ لگایا ،آصف زرداری جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھوٹو کو بھی ان لوگوں نے شہید کیا، بے نظیر بھٹو نے کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، بعد ازاں بے نظیر کو راولپنڈی میں شہید کر دیا گیا

آصف زرداری نے کہا کہ میں جب بھی بیرون ملک گیا تو سیاسی اداکاروں کے ذہن میں فتور ہے کہ میں بھاگ گیا ہوں، ہم نے یہیں دفن ہونا ہے۔

پی پی پی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ 27دسمبر کودوبارہ ملاقات ہوگی،خوشخبریاں بھی دوں گا‌۔

خیال رہے کراچی آمد کے بعد سابق صدر کے خطاب کے پیش نظر اولڈ ٹرمینل پر جلسے کیلئے 24 فٹ اونچا اور 40 فٹ چوڑا سٹیج تیار کرکے اولڈ ٹرمینل سے اسٹار گیٹ تک کی سڑک کو جلسہ گاہ میں تبدیل کردیا گیا۔

پیپلز پارٹی کا کاروان جمہوریت ٹرک بھی کراچی کے اولڈ ائیرپورٹ پہنچایا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ وہی ٹرک ہے جس پر 18 اکتوبر کو محترمہ بینظیر بھٹو نے وطن واپسی پر عوام سے خطاب کیا تھا۔

Comments

- Advertisement -